نیشنل وویمنز باسکٹ بال چیمپئن شپ، واپڈا کا کامیابی کیساتھ اعزاز کا دفاع

دفاعی چیمپین پاکستان واپڈا نے آرمی کو فیصلہ کن معرکے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 33 کے مقابلے میں 38پواٸنٹس سے شکست دیتے ہوے ایک بار پھر نیشنل وویمنز باسکٹ بال چیمپین شپ کا ٹاٸٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں کھیلی جانیوالی چیمپٸین شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی جنرل منیجر/صدر واپڈا سپورٹس بورڈ جناب امداد اللہ میمن تھے جبکہ اختتامی تقریب میں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ایونٹ کے فاٸنل میچ میں واپڈا نے ایک بار پھر اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا۔ ہاف ٹاٸم تک 12پواٸنٹس کی برتری نے واپڈا کو چیمپٸین شپ کے ٹاٸٹل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔دوسرے ہاف میں آرمی نے کم بیک کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن واپڈا کی برتری کو ختم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔واپڈا کی طرف سےحجاب فاطمہ نے 10 کاٸنات ظفر نے10 پواٸنٹس جبکہ آرمی کی طرف سے فجر فاطمہ نے9، کاشفہ نورین نے 8پواٸنٹس سکور کٸے۔ایونٹ میں تیسری پوزیشن لاہور ڈویژن کے نام رہی۔ لاہور نے تیسری پوزیشن کے میچ میں کراچی کو 23-48 پواٸنٹس سے شکست دی۔ جنرل منیجر/صدر واپڈا سپورٹس بورڈ جناب امداد اللہ میمن نے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کٸے۔ پانچ روزہ چیمپٸین شپ میں آٹھ بہترین ٹیمیں مدمقابل تھیں ۔

Exit mobile version