سنچورین ٹیسٹ کے تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف 3 وکٹ کے نقصان پر 27 رنز بنالیے ہیں اور اسے جیت کے لیے مزید 121 رنز درکار ہیں۔اس سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔ سنچورین میں بارش کے باعث پچ اور اسکور بورڈ کو کوورز سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔ سنچورین میں گزشتہ رات تیز بارش ہوئی، آج بھی ہلکی بارش ہوتی رہی۔
آج پاکستان نے اپنی دوسری اننگ 3 وکٹ 88 رنز سے دوبارہ شروع کی، آج آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 50 رنز بنا کر 153 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔بابر اعظم نے نصف سنچری81 گیندوں پر مکمل کی، ان کی اننگ میں 9 چوکے شامل تھے۔پاکستان کی دوسری اننگ میں سعود شکیل نے سب سے زیادہ 84 رنز اسکور کیے، کپتان شان مسعود نے 28 رنز بنائے۔عامر جمال 18رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سلمان آغا ایک رن بناسکے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو ینسین نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ربادانے 2، بوش اور پیٹرسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی ٹیم دوسری اننگ میں بھی فیل ہوگئی اور پوری ٹیم 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف ملا ۔پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں 211 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 301 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اسے 90 رنز کی برتری ملی تھی۔
148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان جنوبی افریقا کو بھی آج مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور صرف 27 رنز پر اس نے 3 وکٹ گنوادیں۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 2 اور خرم شہزاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقا کو سیریز کا پہلا ٹیسٹ جیتنے کے لیے چوتھے روز مزید 121 رنز کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان کو 7 وکٹیں درکار ہیں۔