اسلام آباد(سی این پی) حکومت نے پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کر لیا، اسلام آباد کے تمام داخلی راستے بند کر دیئے گئے جبکہ ایران ایونیو مارگلہ روڈ دونوں اطراف سے کنٹینرز لگا کر بلاک کر دی گئی ہے۔ایکسپریس وے، ڈی چوک، زیرو پوائنٹ پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے ہیں، میٹرو بس سروس اسلام آباد میں آئی جے پی تا پاک سیکرٹریٹ تک بند رہے گی جبکہ جڑواں شہروں میں کل میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند ہو گی۔
وفاقی دارالحکومت میں بس اڈے بھی بند کردیئے گئے ہیں، راولپنڈی میں بھی تمام انٹر سٹی ٹرانسپورٹ اڈے تاحکم ثانی بند رہیں گے جبکہ مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کی 30 ہزار اضافی نفری اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔پنجاب سے 19 ہزار، سندھ سے 5 ہزار پولیس نفری کی شہر اقتدار آمد ہوئی ہے جبکہ آزاد کشمیر سے ایک ہزار، 5 ہزار ایف سی اہلکار بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، تمام نفری امن و امان کی صورتحال میں اسلام آباد پولیس کی معاونت کرے گی۔