سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے میں 7 اہلکار شہید، صدراور وزیراعظم کی مذمت

بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر ہونے والے حملے میں 7 اہلکار شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 15 اور 16 کی درمیانی شب کو دہشت گردوں نے ضلع قلات کے علاقے شاہ مردان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا اور کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گئے ہیں۔

بیان کے مطابق علاقے میں کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اورپاکستان کی مسلح افواج قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع قلات کے علاقے شاہ مردان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ایک بیان میں صدر مملکت نے دہشت گردوں کے حملے میں 7 بہادر فوجیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ ترقی کے سفر کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

صدر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گرد عناصر کو مسترد کرتے ہیں۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے جنت میں بلندی درجات اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور بندوق کی لڑائی کے دوران چار کو زخمی کرنے کے بعد گرفتار کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں انتشار اور بدامنی پھیلانے والے عناصر عوام اور صوبے کی ترقی کے دشمن ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ ایسے مذموم ہتھکنڈے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے حکومتی عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قوم کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے اس لعنت کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

Exit mobile version