پنجاب میں شدید دھند اور اسموگ کا راج برقرار ہے جس کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر کئی مقامات سے موٹرویز کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔شدید دھند اور اسموگ کے باعث موٹروے ایم 2 شیخوپورہ سے کوٹ مومن تک، ایم 3 لاہور سے درخانہ تک اور موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی۔
شدید دھند اسموگ کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند کر دی گئی ہے۔دنیا آلودہ ترین شہروں میں رات کے وقت بھی پاکستانی شہر لاہور پہلے نمبر پر رہا جبکہ بھارتی شہر دہلی دوسرے اور کلکتہ تیسرے نمبر پر رہے۔
فضائی آلودگی کے بین الاقوامی ائیرکوالٹی انڈیکس میں لاہور 581 پارٹیکولیٹ میٹر، دہلی 549 اور کلکتہ 194 پارٹیکولیٹ میٹرریکارڈ کیا گیا۔پاکستان میں ملتان میں 563 پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے اور 304 پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔اب سے کچھ دیر پہلے لاہور میں گلبرگ کے پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 742 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ ٹاؤن شپ میں پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 694 رہی۔
آلودہ فضا والے شہروں میں لاہور آج بھی دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہا، تعلیمی اداروں کی بندش بھی لاہور کو تاحال اسموگ کے جال سے نہ نکال سکی تاہم محکمہ موسمیات نے پنجاب کے اسموگ سے پریشان شہریوں کو خوشخبری سنادی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہےمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 سے 16 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، مری، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے ۔ جس سے اسموگ کی شدت میں کمی آئے گی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے اٹک، چکوال، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ 15 نومبر کو بھکر، لیہ اور ڈی جی خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔