وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ قطر کا مشترکہ اعلامیہ جاری

وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ قطر کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، امیر قطر اور قطری وزیراعظم سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری اور تجارت پر خصوصی زور دیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امیری دیوان دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔امیر قطر نے وزیراعظم اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پرتپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور موجودہ تعاون کو وسیع تر افق تک فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں قطر کی ریاست کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مسلسل معاونت کو سراہا، وزیراعظم نے پاکستان میں اہم اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی،ملاقات میں سرمایہ کاری اور تجارت پر خصوصی زور دیا گیا۔ملاقات میں دیگر شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی،دونوں فریقین نے گزشتہ سرمایہ کاری کے وعدوں کے تناظر میں پاکستان میں متعدد شعبوں میں اہم مواقع اور باہمی دلچسپی کی اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے برادرانہ تعلقات کی اہمیت اور اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے، تجارتی تبادلے میں اضافے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی دونوں فریقوں کی خواہش پر زور دیا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے، معیشت کے شعبوں میں تعاون کی مختلف راہیں تلاش کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلوں پر گفتگو کی گئی،وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان میں اقتصادی ترقی کی حمایت میں قطر کے کردار پر اظہار تشکر کیا،وزیراعظم نے قطر میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کی موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کو جوڑنے والے پل کا کام کرتا ہے۔قطری وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے خطے میں ایک سٹریٹجک پارٹنر کے طور پر پاکستان کی اہمیت پر زور دیا۔فریقین نے مشترکہ مفادات کو پورا کرنے کے لیے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے قطری فریق کے عزم کا اظہار کیا۔

Exit mobile version