ڈپٹی کمشنر خوشاب سروش فاطمہ شیرازی نے تحصیل نورپور تھل میں ایک کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر لوگوں کے مسائل اور انصاف ان کی دہلیزپرحل کرنے کے لیے کھلی کچہریاں لگائی جا رہی ہیں۔
کھلی کچہری میں چونکہ تمام محکموں کے سربراہان اور افسران موجود ہوتے ہیں اس لیے متفرق مسائل سن کر انہیں موقع پر اور جلد حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے ہمارے دروازے متفرق مسائل سننے کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں، جنہیں حل کرنے کے لیے موقع پر احکامات دیئے جاتے ہیں۔
کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر نورپور تھل ڈاکٹر ہارون احمد شیراز اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔
کھلی کچہری میں سائلین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر سروش فاطمہ نے کھلی کچہری میں آئے ہوئے سائلین کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے کسی بھی قسم کی غفلت پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔