وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زیاڈونگ نے ملاقات کی اور معاشی تعاون و سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیاڈونگ سے ملاقات کی، ملاقات میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون، ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ملاقات کے دوران چینی سفیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چین کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پنجاب میں خصوصی ’چائنا اکنامک زون‘ قائم کرنے کی پیشکش کی اور چینی سرمایہ کاروں کے لیے سہولتوں اور مراعات میں اضافہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ مل کر ہم معاشی
معجزے برپا کر سکتے ہیں اور چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، ہم چین کی مہارت سے فائدہ اٹھا کر عوام کو غربت سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات پر ہمیں فخر ہے، مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کے لیے متعدد فلاحی منصوبے لے کر آ رہی ہیں اور ہم چین کے ساتھ انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ دوسری جانب چینی سفیر جیانگ زیاڈونگ نے پنجاب میں ہائبرڈ بیج کی کاشت کو 5 لاکھ ایکڑ سے بڑھانے کی پیشکش کی اور کہا کہ چینی ماہرین پاکستانی کاشتکاروں کو جدید فارمنگ تکنیک اور پانی کے کفایتی استعمال کی تربیت فراہم کریں گے، پنجاب میں 5 لاکھ ایکڑ پر ہائبرڈ بیج کی کاشت کی جا چکی ہے اور اس رقبے کو مزید بڑھانے کے لیے کام کیا جائے گا، چینی ماہرین ایک ہزار پاکستانی کاشتکاروں کو جدید تکنیک کی تربیت دیں گے۔ملاقات میں یہ بھی بتایا گیا کہ مریم نواز شریف کا بطور پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ چین میں پرتپاک استقبال کیا جائے گا، چینی سفیر نے سی پیک کے اپ گریڈڈ ویژن میں پنجاب کی شمولیت کو سراہا اور کہا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں پاک چین تعلقات مضبوطی کی نئی بلندیوں پر پہنچ سکیں۔