چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، مجھے امید ہے کہ بہت جلد ہم ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر لیں گے،تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں میاں چنوں میں ایک نجی کالج کی سالانہ کانووکیشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء وطالبات ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،بالخصوص ان طلباء و طالبات کو جنہوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے تمغے حاصل کیے ہیں۔چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نوجوان نسل اپنی حاصل کردہ تعلیم و ہنر سے ملک و قوم کیلئے فخر کا باعث بنیں،نوجوان طبقہ کو اپنے خاندان کے ساتھ ملکی معاشی ترقی کا لازمی جزو بننا ہے،تعلیم یافتہ نوجوان نسل نے اپنی حاصل کردہ تعلیم سے معاشرے میں نمایاں تبدیلی لانی ہے،تعلیم یافتہ نوجوانوں نے اپنے اپنے شعبوں میں نئی تحقیق و ایجادات متعارف کرانی ہیں،تعلیم یافتہ نوجوان نسل نے ملکی قدرتی وسائل پر تحقیق کر کے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہیں،
ہمارے نوجوان قابلیت و صلاحیت میں کسی سے کم نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں،پیرس اولمپیکس میں ملک کیلئے گولڈ میڈل جیتنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان بنانے والوں میں سے ہیں،میرے آباو اجداد بانی پاکستان قائداعظم اور تحریک پاکستان سے گہرہ تعلق تھا،جمہوریت کی بحالی کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی نے بڑی قربانیاں دی ہیں،سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کا 1973 کا آئین دینا بہت بڑا کارنامہ ہے،اختلاف رائے جمہوریت کا حسن لیکن ملکی مفادات کے لیے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا
ملکی مفادات کو سامنے رکھ کر تمام سیاسی رہنماوں کو اپنی سمت متعین کرنا ہو گی،موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں، ملکی ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہوں گا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میاں چنوں میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کیلئے کوشش کریں گے،جنوبی پنجاب یہاں کی عوام کی دیرینہ خواہش ہے،جنوبی پنجاب صوبہ ہماری پارٹی کے منشور میں شامل ہے،جلد یا بدیر جنوبی پنجاب الگ صوبہ بن جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی فریقین ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کریں تو ملک میں ترقی و خوشحالی کیساتھ استحکام آئے گا۔