سپریم کورٹ کے تین نئے ججز نے حلف اٹھا لیا

جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس شاہد بلال حسن نے بطور سپریم کورٹ جج حلف اٹھا لیا۔ ڈاکٹر قبلا ایاز نے سپریم کورٹ کی شریعت اپیلیٹ بینچ کے ایڈہاک جج کے طور پر حلف اٹھایا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے حلف لیا، تقریب سپریم کورٹ میں منعقد ہوئی، حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل، سینئر وکلا نے شرکت کی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت قانون و انصاف نے لاہور ہائی کورٹ کے دو ججوں سمیت تین ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔

وزارت قانون سے جاری اعلامیے کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 177 کی شق (1) میں دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے تین ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ان ججوں میں سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور لاہور ہائی کورٹ کے ہی جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں۔

اس کے علاوہ صدر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ کے سینئر پیونی جج جسٹس شجاعت علی خان کو لاہور ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کردیا تھا۔جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چیف جسٹس ہائی کورٹ کے تقرر تک شجاعت علی خان یہ ذمے داریاں انجام دیتے رہیں گے۔اسی طرح صدر پاکستان نے سندھ ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس محمد شفیع صدیقی کو ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کر دیا تھا۔

Exit mobile version