مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے سابق ترجمان نے پارٹی چھوڑنےکا اعلان کرتے ہوئے سیاسی مستقبل کا فیصلہ دوستوں کے مشورے سے کرنے کا عندیہ دیا۔اپنے ایک بیان میں سابق گورنر سندھ نے شکوہ کیا کہ متنازع الیکشن کی بنیاد پرحکومت کی جائے تو یہ صحیح طریقہ نہیں، پارٹی میں مؤقف میں اختلاف شدید تھا، اس لیے مفاہمت اور بیچ کی راہ نہیں ہوسکتی، پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ بہت پہلے کرلیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی 16 ماہ کی کارگردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے، پارٹی کا مؤقف تبدیل ہوگیا تھا، اس لئے خود کو پارٹی سے الگ کرلیا۔محمد زبیر نے کہا کہ عوام کے لیے سیاست کرنی تھی، ووٹ کو عزت دو نعرہ تھا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ چھوڑ کر ہر قیمت میں حکومت میں آنا ہے تو پھر کیابات چیت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ پارٹی کے ساتھ تھے تو سویلین بالادستی کی بات ہوتی تھی، اب ہر قیمت میں پاور میں رہنا ہے تو ساتھ چلنا بڑا مشکل ہوجاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہدخاقان عباسی اور مفتاح اسمٰعیل پہلےہی دن سے مسلم لیگ (ن) چھوڑ چکےہیں، مفتاح اسمٰعیل، دانیال عزیز سے بھی پوچھیں تو پارٹی میں داد رسی کاکوئی فورم نہیں۔نوازشریف اور مریم نواز کے سابق ترجمان محمد زبیر نے واضح کیا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی بنانے کا اعلان کرچکے ہیں مگر انہوں نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا،مستقبل کا فیصلہ آئند چند روز میں کریں گے، فی الحال کسی پارٹی میں جانے کا ارادہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ محمد زبیر فروری 2017 کو سندھ کے 32 ویں گورنر بنے تھے، انہوں نے یہ منصب جسٹس (ر) سعیدالزمان صدیقی کی وفاقت کے بعد سنبھالا تھا۔تاہم انہوں نے جولائی 2018 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔گورنر سندھ بننے سے پہلے محمد زبیر چیئرمین نجکاری کمیشن تھے اور اس سے قبل جولائی تا دسمبر 2013 ان کے پاس بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین کا عہدہ تھا اور وہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے بھائی بھی ہیں۔

قبل ازیں سال 13-2012 میں وہ مسلم لیگ (ن) کی معاشی، ٹیکس اصلاحات اور میڈیا کمیٹیوں کا حصہ تھے۔نجکاری کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق حکومت کے لیے کام کرنے سے قبل محمد زبیر آئی بی ایم میں کام کرتے تھے جہاں انہوں نے 2007 تک اپنے 26 سالہ کیریئر میں متعدد عہدوں پر کام کیا۔

Exit mobile version