بھارتی خفیہ ایجنسی را کے دو ایجنٹ گرفتار، اسلحہ برآمد

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) سے تربیت یافتہ دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ سمیت اسلحہ برآمد کیا ہے۔جمعرات کو کورنگی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) حسن سردار نیازی نے بتایا کہ پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے شیخ محمد ایوب عرف ایوب انصاری اور احسن رضا کے نام کے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی اس سے قبل گرفتار کیے گئے دو ’را‘ سے تربیت یافتہ ملزمان خاور حسین اور محمد جابر سے پوچھ گچھ کی روشنی میں کی گئی۔ایس ایس پی نے ایوب کو ’را‘ کا ’ماسٹر مائنڈ ایجنٹ‘ قرار دیا۔افسر نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں را کے ذریعے چلائے جانے والے ایک بہت بڑے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے۔ایوب انصاری مبینہ طور پر 1998 میں کراچی آیا تھا اور اپنی شناخت چھپا کر غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھا۔

وہ ممبئی سے وزٹ ویزے پر کراچی آیا اور غیر قانونی طور پر پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کیا۔پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تفصیلات کے مطابق را مختلف ممالک میں دہشت گردی کا منظم نیٹ ورک چلا رہی ہے۔افسر نے بتایا کہ ملزم ایوب انصاری ٹارگٹ کلنگ کو انجام دینے کے لیے اہداف کی جاسوسی کرتا تھا۔

Exit mobile version