مسلم لیگ (ن) کے رہنما علی پرویز ملک نے وزیر مملکت کا حلف اٹھالیا۔ ایوان صدر میں تقریب حلف برداری منعقد کی گئی، صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیر مملکت سےعہدے کا حلف لیا۔تقریب حلف برداری میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر ممبر قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف،جام کمال، اسحق ڈار، امیر مقام، سردار اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، قیصر احمد شیخ، مصدق ملک، شزا فاطمہ، احسن اقبال، رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، مسلم لیگ (ق) کے چوہدری سالک حسین، استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ کے خالد مقبول صدیقی، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ محسن نقوی بھی وفاقی کابینہ میں شامل ہیں۔یاد رہے کہ علی پرویز ملک ضمنی انتخابات میں حلقہ 119 سے کامیاب ہوئے تھے، مریم نواز نے یہ نشست جیتنے کے بعد چھوڑی تھی۔