ایک دہشت گرد جماعت نے پوری منصوبہ بندی سے جناح ہاؤس پر حملہ کیا،وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 9 مئی کا حملہ قوم کے دلوں پر حملہ تھا جس کی منصوبہ بندی 4 ماہ تک کی گئی۔جناح ہاؤس لاہور میں شہدا کے لواحقین کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی خصوصی شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ مل کر شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، گزشتہ سال 9 مئی کو ریاست پر حملہ کیا گیا، جن خواتین اور مرد حضرات نے یہ حملہ کیا وہ سزا کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس قائداعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب ہے، ایک دہشت گرد جماعت نے پوری منصوبہ بندی سے جناح ہاؤس پر حملہ کیا، پاکستان سے محبت کرنے والا اس طرح کے سانحے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا حملہ قوم کے دلوں پر حملہ تھا جس کی منصوبہ بندی 4 ماہ تک کی گئی، عدلیہ سے سوال ہے کہ شرپسند عناصر کو سزا کیوں نہیں دی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں اور حساس تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے اور گھناؤنے عمل کے مرتکب لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے۔

Exit mobile version