دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ، 6 شدت پسند ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے چھ شدت پسندوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 اور 4 مئی کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع  پر آپریشن کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چھ دہشت گرد مارے گئے جبکہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا گیا۔ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا اور فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

Exit mobile version