جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ججز کی تقرریاں موجودہ رولز کے تحت کرنے پر اتفاق

چیف جسٹس کی زیر سربراہی جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ججز کی تقرریاں موجودہ رولز کے تحت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔جوڈیشل کمیشن رولز میں ترامیم سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر سربراہی منعقد ہوا اجلاس کا ایجنڈا جوڈیشل کمیشن رولز میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لینا تھا اور دوران اجلاس چیئرمین جوڈیشل کمیشن قاضی فائز عیسیٰ نے اراکین سے مجوزہ تجاویز پر رائے طلب کی۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس موخر کرنے کی گزارش کی اور کہا کہ وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 175۔اے میں ترمیم پر غور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ ترمیم کے ذریعے جوڈیشل کمیشن کی ساخت تبدیل ہو سکتی ہے۔اعلامیے کے مطابق جسٹس یحییٰ آفریدی نے ایجنڈے پر بحث نہ کرنے اور اجلاس ملتوی کرنے کی تجویز دی جس پر تمام اراکین نے اجلاس ملتوی کرنے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ججز کی تقرری کے معاملے پر تاخیر نہیں ہونی چاہیے جبکہ ججز کی تقرریاں موجودہ رولز کے تحت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

Exit mobile version