پاکستان نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ویانا کنونشن کے تحت سفارت کاروں، سفارتی سہولیات کے خلاف حملے غیر قانونی ہیں، سلامتی کونسل اسرائیل کو خطے میں مہم جوئی اور پڑوسیوں پر حملے سے روکے۔
دفترخارجہ کے مطابق اسرائیلی فوج کا غیرذمہ دارانہ عمل عدم استحکام کے شکار خطے میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بنے گا۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے، حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر میزائل حملے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے جس میں متعدد سفارتکار بھی شامل ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں عمارت تباہ ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے بتایاکہ دمشق میں اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے القدس بریگیڈز کے سینیئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل ہیں۔