پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے ۔ 50 اوورز کے اس ٹورنامنٹ میں چھ ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔ون ڈے ٹورنامنٹ 17 اپریل سے شروع ہوگا اور 11 مئی کو اختتام پذیر ہوگا جس کی دو ٹاپ ٹیمیں اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں مدمقابل ہونگی۔چھ ریجنل ٹیمیں کراچی ۔لاہور ۔ ملتان ۔ پشاور ۔ کوئٹہ اور راولپنڈی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم کو کم از کم 10 میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔ 25 روزہ ٹورنامنٹ میں کل 31 میچ کھیلے جائیں گے میچ کا آغاز صبح 930 بجے ہوا کرے گا۔

سلیم جعفر کی سربراہی میں خواتین کی چار رکنی قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے چھ اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی اور لاہورکی ٹیمیں 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہونگی جبکہ بقیہ ٹیمیں 14 کھلاڑیوں پر مشتمل ہونگی۔ان چار ٹیموں کی پندرہویں کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف اعلان کردہ پاکستان ویمنز کی بیس ممکنہ کھلاڑیوں میں سے منتخب کی جائیں گی ۔ ان کھلاڑیوں کو پاکستان ویمنز ٹریننگ کیمپ کے اختتام پر ریلیز کردیا جائے گا۔ ہر ٹیم پانچ ریزرو کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ اس طرح چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے کل 90 کھلاڑی دستیاب ہونگی۔ اس کے علاوہ تیس ریزرو بھی ہونگی۔

ویمنز کرکٹ کی ہیڈ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کا پول بڑھا ہے۔قومی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ میں مصروف ہوگی اور ویمنز ونگ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ منعقد کررہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے پاس اچھی تعداد میں کھلاڑی دستیاب ہیں جو ویمنز کرکٹ کے روشن مستقبل کا پتہ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ سے انڈر 19 سمیت ابھرتی ہوئی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔

چیف سلیکٹر سلیم جعفر نے کہا ہے کہ پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ڈومیسٹک سیزن کا آخری ایونٹ ہے اور سلیکشن کمیٹی نے ریجنل کوچز سے مشاورت کے بعد اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔ کھلاڑیوں کا انتخاب گزشتہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے،جبکہ کچھ کھلاڑی جو پچھلے ایونٹ میں زخمی ہوئی تھیں اور اب فٹ ہیں انہیں بھی شامل کیا گیا ہے۔سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور انگلینڈ کے دورے سے قبل سلیکشن کمیٹی کی توجہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

Exit mobile version