آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔گزشتہ روز شانگلہ میں پیش آنے والے دہشتگردی کے افسوسناک واقعے کے تناظر میں آج وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں سرحدوں کے پار دہشتگردوں کے لیے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا جبکہ شرکا نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں آرمی چیف نے ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے کہا کہ قوم نے پچھلی دو دہائیوں میں ثابت قدمی سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، ہم آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف لڑیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی ثابت قدمی اور حوصلے کو کم سمجھا ہے، ہم اپنی پوری طاقت سے آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔