صوبہ سندھ، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کی خالی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات آج ہوں گے۔سینیٹ کی تمام خالی نشستوں پر انتخاب کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، بلوچستان سے سینیٹ کی 3، سندھ سے دو اور اسلام آباد میں ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا۔ووٹ دیتے وقت پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل یا کیمرہ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی ان 6 خالی نشستوں پر انتخابات کے لیے یوسف رضا گیلانی سمیت 21 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ الیکشن لڑنے اور اسلام آباد سے اپنی نشست دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، یہ سیٹ 8 فروری کے عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے ان کی کامیابی کے بعد خالی ہوگئی تھی۔
یوسف رضا گیلانی کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کے چوہدری الیاس مہربان سے ہوگا۔یہ نشستیں آئین کے آرٹیکل 223 کے تحت خالی ہوئی ہیں جو واضح طور پر دوہری رکنیت پر پابندی عائد کرتا ہے، آرٹیکل کی ذیلی دفعہ 4 کے تحت اگر پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کے دونوں ایوانوں کا کوئی رکن دوسری نشست کے لیے امیدوار بنتا ہے (جسے وہ اپنی پہلی نشست کے ساتھ برقرار نہیں رکھ سکتا) تو کسی دوسرے ایوان کی نشست کے لیے انتخاب جیتنے کے ساتھ ہی اس کی پہلی نشست خالی ہو جاتی ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے 29 فروری کو ملتان سے قومی اسمبلی کی نشست جیتنے کے بعد رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھایا تھا اور گزشتہ روز قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے دوران مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو ووٹ دیا تھا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان طے شدہ پاور شیئرنگ فارمولے کے مطابق انہیں سینیٹ کا اگلے چیئرمین بنایا جائے گا۔