بلوچستان کے شہر گوادر میں تقریباً 5 گھنٹوں سے زائد وقت سے جاری بارش کے سبب سڑکیں ایک بار پھر تالاب بن گئیں۔ رات گئے سے وقفے وقفے سے جاری بارشوں کا پانی گلی محلوں میں جمع ہوگیا، زہران، سیسدی، چوڑ اور ملحقہ علاقوں کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
موسلادھار بارشوں سے دشت کی رابطہ سڑکیں ایک بار پھر بند ہوگئیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اختتام سے رواں ماہ کے آغاز تک بھی گوادر میں موسلا دھار بارشیں ہوئی تھیں جن کے سبب سیکڑوں مکانات پانی میں ڈوب گئے تھے اور اطراف کے اضلاع بھی زیر آب آ گئے تھے۔
موسم کی صورتحال بتانے والے ماہرین نے پہلے ہی خبردار کردیا تھا کہ آئندہ چند روز میں شدید بارشیں برسانے والا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے والا ہے۔شدید بارش کے پیش نظر حکومت بلوچستان نے گوادر میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی اور شہر میں شدید بارشوں کے بعد تباہی مچانے کے بعد اسے آفت زدہ قرار دیا تھا۔