جدہ، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں غزہ کی صورتحال پر غور، سعودی عرب کا رفح میں فوجی کارروائی پر اسرائیل کو انتباہ

 غزہ کے لیے انسانی بنیادوں پر فنڈ فراہم، امدادی کارکنوں اور تنظیموں کے داخلے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالا جائے، پاکستانی مندوب

او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے غیرمعمولی اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت سے متعلق صورتحال پر غور کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق جدہ میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب، پاکستان، بحرین، فلسطین اور ایران سمیت دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ پاکستان کے مستقل مندوب فواد شیر نے پاکستانی موقف پیش کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی۔

اجلاس میں غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا، پاکستان کے مندوب نے غزہ کے لیے انسانی بنیادوں پر فنڈ فراہمی پر زور دیا۔پاکستان کے مستقل مندوب نے غزہ میں امدادی کارکنوں اور تنظیموں کے داخلے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں وزرا ء نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل پر جنگی جرائم کا تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے پر زور دیا۔وزرا ء نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی، غزہ سے اسرائیلی افواج کا انخلا اور تمام غیرقانونی اقدامات روکے جائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینیوں کی اپنی سرزمین سے نقل مکانی کی مخالفت پر سعودی عرب کا موقف دہرایا اور کہا کہ غزہ کے علاقے رفح میں ممکنہ اسرائیلی فوجی کارروائی کے خطرناک نتائج ہوں گے۔ وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کچھ ممالک کے موقف اور تباہی کی شدت کو سمجھنے میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، ہم دیکھ رہے ہیں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والے ممالک کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، علاوہ ازیں ہم نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر بہت سے ممالک کو آمادگی کا اظہار کرتے سنا۔ عرب امن اقدام کے تحت فلسطینی ریاست کا قیام کئی عرب اور مسلم اکثریتی ریاستوں کا طویل عرصے سے موقف رہا ہے، یہ ریاست 1967 والی سرحدوں کے مطابق ہوگی جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہوگا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ فلسطینیوں کے لیے ایک ریاست کی تشکیل کی بدولت وہ اپنے حقوق حاصل کر سکیں گے، تحفظ کے ساتھ رہ سکیں گے اور اپنی منزل کا خود تعین کر سکیں گے۔

سعودی وزیر خارجہ نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این آر ڈبلیو اے)کی حمایت پر بھی زور دیا اور ادارے کو تحلیل کرنے کی کوششوں کے خلاف خبردار کیا، انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے غزہ میں شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب یو این آر ڈبلیو اے کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا اور تمام حامیوں پر زور دیتا ہے کہ وہ محصور غزہ کی پٹی میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے انسانی ہمدردی کے مشن میں اپنا معاون کردار ادا کریں۔ انہوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے اِس ادارے کے لیے فنڈنگ معطل کرنے والے ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔

Exit mobile version