امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان کے انتخابی عمل کا بغور مشاہدہ کر رہے ہیں، پاکستانیوں کو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات سے اپنے لیڈرز کا انتخاب کرنے کا حق ہے۔ نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ خوف، تشدد یا دھمکی کے بغیر پاکستانی عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے انتخابی عمل کا بغور مشاہدہ کر رہے ہیں، چاہتے ہیں اس عمل میں اظہار رائے کی آزادی کا احترام ہو۔انہوں نے پر تشدد واقعات، انٹرنیٹ کی بندش اور اظہار رائے میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد میں محض ایک دن باقی رہ گیا ہے۔یکم فروی کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا یقین دہانی کرواچکے ہیں کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے جس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے جبکہ انتخابات کے دن انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے کوئی بات زیر غور نہیں۔