کراچی میں بارش نے شہری انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا

کراچی میں گزشتہ رات کی بارش نے شہری انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا، بارش رکے کئی گھنٹے گزر گئے لیکن سڑکیں تاحال تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ شہر میں گزشتہ شب ایک گھنٹے کی موسلا دھاربارش کے سبب کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

سیکڑوں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں، شارع فیصل پر گزشتہ شب ٹریفک جام سے گھروں کو جانے والے شہری پھنس کر رہ گئے۔ملیر میں بھی سڑکوں پر سیلابی صورتحال رہی، پانی کا ریلا گھروں میں داخل ہوگیا، محمود آباد نالہ اوور فلو ہونے سے پانی قریبی گھروں میں گھس گیا، سول ہسپتال کے وارڈ نمبر 3 میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

بارش کے بعد جناح ہسپتال کے میڈیکل آئی سی یو میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی، اندھیرے سے مریضوں اور طبی عملے کو مشکلات کا سامنا رہا، شہر کے مختلف علاقے بجلی بندش کے باعث تاریکی میں ڈوب گئے۔

شہرِ قائد میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 66 ملی میٹر اور ملیر میں 64 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، یونیورسٹی روڈ پر 29.8، ناظم آباد میں 23.5، ناتھ کراچی میں 33.6 ملی میٹر، قائدآباد میں 52، گلشن معمار میں 23 اور کورنگی میں 14 ملی میٹر برسات ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آج اتوار کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

Exit mobile version