کراچی کے شاپنگ مال میں لگنے والی آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی

کراچی کے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 11ہو گئی ہے، 9 لاشیں جناح، 1 سول اور 1 عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ہے جبکہ اب تک 46 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

جناح اسپتال کی ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات ڈاکٹر نوشین رؤف کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں 7 لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے, لاشوں کی شناخت 32 سالہ کریم بخش، 43 سالہ یونس، 30 سالہ بلال آصف، 55 سالہ کاشف،  35 سالہ وہاج، 25 سالہ اسد اور 23 بلال تاج الدین کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ 2 جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ جناح اسپتال میں 3 زخمی بھی زیرِ علاج ہیں، ایک کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔جناح اسپتال کی ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات ڈاکٹر نوشین رؤف نے بتایا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام مرد ہیں، جاں بحق اور زخمیوں کی عمریں 22 سے 43 سال تک ہیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ دھوئیں سے دم گھٹنے سے 9 افراد شدید متاثر ہوئے ہیں جو اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔آگ مکمل بجھا دی گئی فائر بریگیڈ کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ آگ مکمل طور پر بجھا دی گئی ہے، کولنگ اور لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو کا عمل جاری ہے۔

کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں، لگ بھگ 50 فائر فائٹرز اور 2 اسنارکل نے حصہ لیا۔حکام کے مطابق پلازہ میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے، آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

کراچی کے راشد منہاس روڈ پر شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ چھٹی منزل سے چوتھی منزل تک پھیل گئی تھی جس کے باعث درجنوں دکانیں جل گئیں۔

دوسری جانب نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر) مقبول باقر نے شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ کا نوٹس لے لیا ہے۔ترجمان نے بتایا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے 11 افراد کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے۔

جسٹس(ر) مقبول باقر کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کے فوری اقدامات کیے جائیں، کوشش کی جائے کہ زیادہ نقصان سے بچا جا سکے، لوگوں کی جان و مال کی ذمے داری حکومت کی ہے، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں شاپنگ مال میں آگ لگنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔بلاول بھٹو نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے شہریوں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کرائی جائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔

نگراں وزیرِ صحت سندھ نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر وقار سے رابطہ کر کے شاپنگ مال میں لگنے والی آگ سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

Exit mobile version