جنوبی افریقہ نے ہنری کلاسن اور ڈیوڈ ملر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو چوتھے ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 164 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہو سکا۔
اوپنرز ریزا ہینڈرکس اور کوئنٹن ڈی کوک نے اپنی ٹیم کو 64 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر ہینڈرکس پویلین لوٹ گئے۔
کوئنٹن ڈی کوک نے 45 رنز کی باری کھیلی لیکن جوش ہیزل وُڈ نے انہیں پویلین چلتا کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی جبکہ قائم مقام کپتان ایڈن مرکرم صرف آٹھ رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔
دوسرے اینڈ سے راسی ون ڈر ڈوسن نے ہنری کلاسن کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 74 رنز جوڑے لیکن اسی اسکور پر ہیزل وُڈ نے اپنی ٹیم کو 62 رنز بنانے والے ڈوسن سے چھٹکارا دلا دیا۔
35 اوورز میں جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 300 کے قریب اسکور کرنے میں کامیاب رہے گی لیکن کلاسن اور ڈیوڈ ملر کسی اور ہی موڈ میں میدان میں اترے۔
دونوں کھلاڑیوں نے اس کے بعد جارحانہ بیٹنگ کا شاندار مظاہرہ کیا اور آسٹریلین باؤلنگ لائن کے چھکے چھڑاتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔
دونوں کھلاڑیوں نے اگلی 92 گیندوں پر دونوں کھلاڑیوں نے 222 رنز کی شراکت قائم کی اور ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
اننگز کی آخری گیند پر کلاسن آؤٹ ہوئے لیکن اس سے قبل وہ 83 گیندوں پر 13 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 174 رنز بنا چکے تھے۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 416 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر نے 45 گیندوں پر 5 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم کو ابتدا میں ہی اس وقت دھچکا لگا جب ڈیوڈ وارنر کے بعد مچل مارش بھی لنگی نگیدی کی وکٹ بن گئے۔
22 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ٹریوس ہیڈ کا ساتھ دینے مارنس لبوشین آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 53 تک پہنچا دیا لیکن اس موقع پر آسٹریلیا کو اس وقت دھچکا لگا جب ہاتھوں پر گیند لگنے کے سبب ہیڈ ریٹائرڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
مارنس لبوشین اور مارکس اسٹوئنس دونوں وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ ٹم ڈیوڈ نے 35 رنز کی جارحانہ باری کھیلی۔
اس دوران ایلکس کیری نے شاندار کھیل پیش کیا اور 99 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ہدف تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن کوئی دوسرا بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا اور پوری ٹیم 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
جنوبی افریقہ نے میچ میں 164 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پانچ میچوں کی سیریز بھی 2-2 سے برابر کردی۔
ہنری کلاسن کو 174 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔