نگران حکومت کا غریب پر بڑا حملہ، پیٹرول 26فی لیٹر مہنگا

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول فی لیٹر 26 روپے 2 پیسے مزید مہنگا کر دیا۔فنانس ڈویژن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمت کا اطلاق آج 16 ستمبر سے ہوگا۔

 

حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت فی لیٹر 26 روپے 2 پیسے اضافے کے بعد 331 روپے 38 پیسے ہوگی۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 17 روپے 34 پیسے اضافہ کردیا گیا ہے اور نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز روپے کی قدر میں کمی اور تیل کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافے کی وجہ سے رواں ہفتے کے آخر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

Exit mobile version