پنجاب ایمرجنسی سروس خوشاب کے زیر اہتمام ضلع بھر میں انٹرنیشنل فرسٹ ایڈ ویک کا انعقاد

خوشاب ( راجہ نورالہی عاطف سے) سیکرٹری/ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ستارہ امتیاز ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر پنجاب ایمرجنسی سروس خوشاب کے زیر اہتمام ضلع بھر میں انٹرنیشنل فرسٹ ایڈ ویک منایا گیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو انجینئر حافظ عبدالرشید کی زیر صدارت ریلی کا انعقاد کیا گیا جو کہ ریسکیو آفس سے شروع ہوئی اور ہائی وے ڈیپارٹمنٹ جوہرآباد روڈ سے ہوتے ہوئے ریسکیو آفس پر اختتام پزیر ہوئی۔

 

ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو انجینئر حافظ عبدالرشید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر تصدق حسین اور کمیونٹی انسٹرکٹرز نے سکول و کالج کے طلباء و طالبات،ریسکیو رضاکاروں،ہسپتالوں اور نجی اداروں کے اہلکاروں کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ فراہم کی جس میں چوٹ لگنے کی صورت میں خون کے بہاؤ کو روکنے،سانس کی نالی میں رکاوٹ،سانس اور دل بند ہونے کی صورت میں مصنوعی طریقے سے دل اور سانس کی بحالی کا عمل اور دوران ایمرجنسی بحفاظت مریض کی منتقلی کی عملی تربیت فراہم کی۔

 

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل فرسٹ ایڈ ویک منانے کا مقصد ہر گھر میں ایک فرسٹ ایڈر کے متعلق لوگوں میں شعور و آگاہی پیدا کرنا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام منظم اداروں کے اہلکاروں کی ٹیمز پنجاب ایمرجنسی سروس سے ابتدائی طبی امداد کی ٹریننگ حاصل کریں تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں وہ زیادہ سے زیادہ متاثرہ لوگوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کر کے قیمتی جانوں کے ضیاع میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرسکیں۔ آخر میں لوگوں میں آگاہی کے لئے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

Exit mobile version