ڈیرہ بگتی سے 6 فٹبال کھلاڑی اغوا

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے جانی بیر سے نامعلوم افراد نے فٹ بال کے 6 کھلاڑیوں کو اغوا کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے کھلاڑیوں کو ڈیرہ بگٹی سے سبی جاتے ہوئے اغوا کیا گیا۔

ڈیرہ بگٹی کے ڈپٹی کمشنر نے کھلاڑیوں کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مغوی کھلاڑی ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے رہائشی ہیں، وہ آل پاکستان چیف منسٹر گولڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لینے کے لیے سبی جا رہے تھے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسلح افراد نے ڈیرہ بگٹی میں کچھی نہر کے جانی بیر کے علاقے میں کھلاڑیوں کی گاڑی کو روکا اور بندوق کی نوک پر فٹبالرز کو اپنے ہمراہ لے گئے، چھ کھلاڑیوں میں سے پانچ کی شناخت عامر بگٹی، فیصل بگٹی، سہیل بگٹی، یاسر بگٹی اور شیراز بگٹی کے نامون سے ہوئی ہے۔

بلوچستان کے نگراں وزیر داخلہ میر زبیر احمد جمالی نے کہا کہ مغوی فٹبالرز کو جلد از جلد بازیاب کرانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو علاقے کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے رات گئے نجی نیوز چینل ’جیو ’ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑیوں کی بازیابی کے لیے آپریشن کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے فی الوقت مزید تفصیلات شیئر نہیں کی جا سکتیں۔ان کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر کور (ایف سی)، ڈپٹی کمشنر، کمشنر اور لیویز فورس کی ٹیمیں کارروائی میں ملوث مشتبہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

Exit mobile version