عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن اور ملک کی معروف نیورو فزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ 4ستمبر کو لاہور پریس کلب سے امریکن قونصلیٹ تک طے شدہ پرامن "فریڈم فار عافیہ واک” کو عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے جس کی وجہ ڈاکٹر عافیہ کے امریکی وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ کو عافیہ سے ملاقات کی اجازت اور امریکی حکام کی جانب سے ملنے والا تھوڑا سا تعاون ہے۔
عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں میں انہوں نے کہا کہ وہ تہہ دل سے ان تمام رہنمائوں، سپورٹرز اور ٹیم عافیہ کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے ”فریڈم فار عافیہ واک” میں شمولیت کی یقین دہانی کرائی اور جن کی کوششوں سے عافیہ کی رہائی کی جدوجہد آگے کی سمت میں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی جانب سے ”فریڈم فار عافیہ واک” میں شمولیت کے ہزاروں پیغامات ہمارا حوصلہ بڑھانے کا باعث بنے ہیں۔ ہم کسی بھی مرحلہ پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے اور امید کرتے ہیں کہ عافیہ کو جلد ہی اس سوراخ یعنی روزنِ سیاہ (Black Hole) سے باہر نکالا جائے گا۔
انہوں نے ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عافیہ کو 20 سال میں پہلا خط آپ کی سپورٹ اور جدوجہد سے ملا ہے۔
عافیہ کے وکیل کلائیو اسمتھ 11 ستمبر کو ان سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو اگلی ”فریڈم فار عافیہ واک” کی تاریخ کا اعلان 11 ستمبر کے بعد کیا جائے گا۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ میں ذاتی طور پر لاہور کے ان تمام رہنمائوں اورسپورٹرز سے ملاقات کرنے اور ان کا شکریہ ادا کرنے 4 ستمبر کو لاہور آرہی ہوں۔