خوشاب (خصوصی رپورٹ)چائلڈ رائٹس پروٹیکشن نیٹ ورک کی نمائندہ تنظیم ایس ڈی اے خوشاب کے صدر ملک غضنفر وڈھل کے مطابق سول سوسائٹی کی میٹنگ سے خطاب کیا اور انہوں نے کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا کہ حکومت بچوں کے حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے، اس سے متعلقہ بجٹ میں اضافہ یقینی بنائے۔ موجودہ قوانین پر عملدرآمد کے لئے رولز بنائے جائیں اور وسائل مہیا کئیے جائیں۔ ملک غضنفر وڈھل کے مطابق دوران میٹنگ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام سول سوسائٹی آرگنائزیشنز مل کر کام کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ چائلڈ رائیٹس پروٹیکشن نیٹ ورک پنجاب ہر ضلع سے نمائندہ این جی اوز کا واحد نیٹ ورک ہے، جس کی جڑیں گراس روٹ لیول تک موجود ہیں۔ یہ نیٹ ورک شہری اور دیہی سطح پر مختلف پروگرامز کے ذریعے بچوں کے حقوق کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
صدر ایس ڈی اے خوشاب کے مطابق چائلڈ رائیٹس پروٹیکشن نیٹ ورک کی ضلعی باڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لئے مؤثر قانون سازی کر کے لڑکی کی عمر کی حد کو بھی 18سال مقرر کیا جائے۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت سزائیں تجویز کی جائیں۔ جیوینائل جسٹس سسٹم ایکٹ 2018پر من و عن عملدرآ مد کیلئے رولز کے ساتھ ساتھ اس ضمن میں مالی وسائل کو بھی یقینی بنایا جائے۔ گھریلو سطح پر 18سال سے کم عمر بچوں کو کسی بھی صورت کام کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ مفت اور لازمی تعلیم کے قانون پر عملدرآمد کیلئے وسائل فوری مہیا کئیے جائیں تاکہ ہر بچہ سکول میں داخل ہو اور اسے زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے۔ ملک غضنفر وڈھل کے مطابق چائلڈ رائیٹس پروٹیکشن نیٹ ورک کی بانی تنظیم گڈ تھنکرز آرگنائزیشن اس ضمن میں جلد ہی صوبائی کانفرنس بھی بلا رہی ہے تاکہ صوبہ بھر میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی تمام این جی اوز مشترکہ لائحہ عمل کے تحت اجتماعی سوچ اور جذبہ سے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔