خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)قلم کاروں ‘ لکھاریوں‘صحافیوں ‘ادیبوں اور شاعروں کی نمائندہ جماعت آل پاکستان رائٹرزویلفیئر ایسوسی ایشن(اپووا)کےوفد نے اپووا کے سرپرست اعلیٰ زبیر احمد انصاری اور بانی و صدر ایم ایم علی کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن صاحب سے ملاقات کی۔وفد میں حافظ محمد زاہد‘ محمد اسلم سیال‘سفیان فاروقی‘ محمد فاروق خان‘ایڈوکیٹ شاہد رانجھا،عمر شاہ،محمد بلال اورمحمد اشفاق شامل تھے ۔زبیراحمد انصاری نے تنظیم کا تفصیلی تعارف پیش کیا جبکہ حافظ محمد زاہد نے تنظیم کی مجموعی کارکردگی پر گورنر پنجاب کو بریف کیا گورنر پنجاب نے فرداً فرداًہر ایک سے تعارف سننے اور بحیثیت مجموعی تنظیم کی کارکردگی جاننے کے بعد اَپووا کی ادبی کاوشوں کو خوب سراہا ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معاشرے اور بالخصوص نوجوانوں میں مثبت رویوں کوپروان چڑھانے اور نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے اَپووا کا کردارنہ صرف قابل تعریف ہے‘بلکہ باقی لوگوں کے لیے قابل تقلید بھی ہے۔ اَپووا کانفرنسز،سالانہ ورکشاپس‘ اَپووا پبلی کیشن‘سیاحتی دوروں اور اَپووا میگزین کے بارے میں جاننے کے بعد گورنر پنجاب نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اَپووا کوگھٹا ٹوپ معاشرے میں روشنی کی کرن قرار دیا۔تنظیم کے بانی ایم ایم علی نے لکھاریوں کے ویلفیئر کے لیےچند تجاویز بھی گورنرپنجاب کے گوش گزار کیں گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ لکھاریوں کے ویلفیئر کے لیے اَپووا کا کام مثالی ہے جسے نہ صرف جاری رہنا چاہیے بلکہ اس کا دائرہ مزید بڑھانا چاہیے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اپووا وفد سے یہ تعارفی میٹنگ تھی‘جلد آپ لوگوں کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات ہوگی جس میں آپ اپنے باقی ممبران اور خواتین ونگ کے ساتھ تشریف لائیں۔آخر میں اَپووا کی جانب سے گورنر پنجاب کو یادگاری شیلڈ دی گئی اورگورنر صاحب کے ہاتھوں وفد کے ارکان کو بھی سرٹیفکیٹ دیے گئے۔