وزیراعظم بادشاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی رسم میں شرکت کیلئے لندن پہنچ گئے

وزیر اعظم شہباز شریف برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی رسم میں شرکت کے لیے لندن پہنچ گئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے آگاہ کیا کہ وزیراعظم برطانیہ کے دورے پر لندن پہنچے جہاں پاکستان کے برطانیہ میں ہائی کمشنر اور برطانیہ کے وزیرِ خارجہ کے خصوصی نمائندے نے ان کا استقبال کیا۔بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم اپنے دورے میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی رسم تاج پوشی میں شرکت کریں گے اور اس کے علاوہ وزیر اعظم دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے سربراہان کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف چارلس سوم کی جانب سے تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے لندن آئے ہوئے دیگر سربراہانِ ممالک کی دعوت پر کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔مزید بتایا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات بھی کریں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ روانگی سے قبل کہا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات مشترکہ تاریخ میں پیوست ہیں اور دونوں ممالک کے مابین کثیرالجہتی روابط کئی دہائیوں کے دوران مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
بدھ کو کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے برطانیہ روانگی سے قبل اپنے ٹوئٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ برطانوی شاہی خاندان ہمیشہ پاکستان کا عظیم دوست رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے علاوہ میں دولت مشترکہ کے رہنماں کی کانفرنس میں بھی شرکت کروں گا، اس موقع پر عالمی رہنماں کے ساتھ دوطرفہ بات چیت اور تبادلہ خیال کا موقع بھی میسر آئے گا۔

Exit mobile version