بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں بھاری قربانیوں سے حاصل کئے گئے امن کو تباہ کرنے کی ہرکوشش ناکام بنادی جائے گی، آئی ایس پی آر


بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں نے گھات لگاکر سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر بزدلانہ حملے کی کوشش کی جسے چوکس سکیورٹی اہلکاروں نے بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنادیا۔

سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ 22 فروری کی شام کیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلہ میں 8 دہشت گرد مارے گئے، آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولیاں اور بارود برآمد ہوا۔

پاک فو اج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز وطن مخالف انٹیلیجنس ایجنسیز کے آلہ کار بننے والے دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں، بلوچستان میں بھاری قربانیوں سے حاصل کئے گئے امن کو تباہ کرنے کی ہرکوشش ناکام بنادی جائے گی۔

Exit mobile version