بارہویں رشید ڈی حبیب گولف ٹورنامنٹ کا آغاز 19 جنوری سے کراچی میں ہوگا

بینک الحبیب کے بارہویں رشید ڈی حبیب میموریل نیشنل پروفیشنل گولف ٹورنامنٹ 2023 کا پہلا راؤنڈ جمعرات 19 جنوری سے کراچی گولف کلب میں کھیلا جائے گا۔ سالانہ گولف سیزن کے مقبول ترین چار روزہ قومی ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے سو سے زائد کھلاڑی ٹرافی کے لیے اپنے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ پچھلے سال کراچی گولف کلب کے وحید بلوچ 278، 10 انڈر پار کے اسکور کے ساتھ ٹرافی کے حقدار قرار پائےتھے جبکہ اسلام آباد کے محمد شبیر اقبال دوسری پوزیشن پر اور راولپنڈی کے محمد منیر سیکنڈ رنر اپ تھے۔ پروفیشنل گولف کے فروغ کے لیے کراچی گولف کلب کے پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز اور کیڈیز کے لیے بائیسواں رشید ڈی حبیب میموریل گولف ٹورنامنٹ پروفیشنل ٹورنامنٹ سے قبل 17 اور 18 جنوری کے دوران کھیلا جائے گا۔

اس سال ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ اس میں سے 7.95 ملین نیشنل پروفیشنل کیٹگری اور 1.4 ملین کے جی سی پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز اور کے جی سی کیڈیز کی کیٹگریزمیں بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ پاکستان گولف فیڈریشن کی رینکنگ کے مطابق ملک کے پانچ بہترین پروفیشنل اور تین بہترین سینئر پروفیشنل گولفرز کے درمیان چھ لاکھ پچاس ہزار کی اپیئرنس منی بھی تقسیم کی جائے گی۔ نیشنل اور لوکل کیٹگریز میں پہلا ہول اِن ون کرنے والے خوش قسمت گولفر کے لیے بالترتیب ٹویوٹا کرولا اور سوزوکی آلٹو کار بھی بطور انعام رکھی گئی ہے۔ فائنل مقابلے 22 جنوری بروز اتوار منعقد ہوں گے ۔

Exit mobile version