سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے باہمی تعاون سے5روزہ بی ڈبلیو ایف لیول ون بیڈمنٹن کوچنگ کورس شروع

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں5روزہ بی ڈبلیو ایف لیول ون بیڈ منٹن کوچنگ کورس کا افتتاح کیا

سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کے باہمی تعاون سے5روزہ بی ڈبلیو ایف لیول ون بیڈمنٹن کوچنگ کورس نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی نے بیڈ منٹن کوچنگ کورس کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے صدر واجد علی چودھری، ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین،جنرل سیکرٹری پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن طیب سہیل،صوبائی کوچز شائستہ قیصر، زرینہ وقار ودیگر بھی موجود تھے۔

کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی نے کہا ہے کہ بیڈمنٹن کوچنگ کورس کا انعقاد مستحسن اقدام ہے جس پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔

کورس میں ملائیشیاء کے سینیئر ڈویلپنٹ آفیسر بیڈمنٹن ایشیاء سمبنتھن سواپرومل کوچز اور سابق کھلاڑی کو تربیت دے رہے ہیں، کوچنگ کورس مثبت سرگرمی ہے جس سے کوچز اور سابق کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر ہوگی،انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے 16کوچز اور سابق کھلاڑی شریک ہیں، کوچنگ کورس سے استفادہ کرنے والے سینئر کوچز اور سابق کھلاڑی نئے کھلاڑی تیار کریں اور جونیئر کوچز کی بھی تربیت کریں، سپورٹس کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب بیڈمنٹن کے فروغ کیلئے فیڈریشن سے ہر طرح سے تعاون کررہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی نے مزیدکہا ہے کہ کوچز اورسابق کھلاڑی محنت اور لگن سے ملائیشئن کوچ سے سیکھیں،کوچنگ کورس سے ملنے والی معلومات مستقبل میں انکے کام آئیں گی۔

پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کے صدر واجد علی چودھری اس موقع پر کہا ہے کہ بیڈمنٹن کے فروغ کیلئے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کے تعاون پر انکے شکرگزار ہیں، ملائیشیئن کوچ ء سمبنتھن سواپرومل کے مشکور ہیں جنہوں نے وقت نکالا اور ہمارے کوچز کو تربیت دے رہے ہیں۔ بیڈمنٹن کوچنگ کورس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔

ملائیشیاء کے سینیئر ڈویلپنٹ آفیسر بیڈمنٹن ایشیاء سمبنتھن سواپرومل نے کہا ہے کہ ہماری خواہش تھی کہ ہم پاکستان کیلئے کچھ کرسکیں، آج موقع مل گیا ہے، پاکستانی کوچز اور سابق کھلاڑیوں کو بیڈمنٹن میں نئی ہونیوالی تبدیلیوں سے آگاہ کریں گے تاکہ پاکستان بیڈمنٹن کے کھیل میں آگے آئے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی کوچز بہت باصلاحیت ہیں، ان کی لگن دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ گزشتہ چند سالوں سے 7اسلامی ممالک نے بھی بیڈمنٹن کا کھیل شروع کردیا ہے جو کہ خوش آئند ہےـ

Exit mobile version