سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے مقتول سینیئر صحافی ارشد شریف اور سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کا معاملہ مؤخر کردیا۔ینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین محسن عزیز کی زیرصدارت ہوا جس میں وزارت داخلہ حکام نے صحافی ارشد شریف کے قتل پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔
اسپیشل سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ معاملے پر 2 رکنی ٹیم کینیا گئی تھی، ٹیم کام کررہی ہے اور ٹیم نے کچھ معلومات لیں، مزید درکار ہیں، رپورٹ تیار ہورہی ہے۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ رپورٹ میں حساس معلومات بھی ہیں، شواہد اکھٹے کرنے کا عمل جاری ہے۔
اس حوالے سے حکومتی سینیٹر اعظم نذیرتارڑ کا کہنا تھاکہ حکومت نے معاملے پرکمیشن قائم کیا ہے جو کام کررہا ہے، ایف ائی اے بھی تحقیقات کررہی ہے اور سپریم کورٹ میں بھی معاملہ زیرغور ہے۔انہوں نے کہا کہ معاملہ عدالت میں زیرغورہے، اس کی ہمیں نہ قواعد اجازت دیتے ہیں نہ قانون۔
کمیٹی نے ارشد شریف قتل کیس کا معاملہ ملتوی کردیا۔علاوہ ازیں قائمہ کمیٹی داخلہ نے اعظم سواتی کی حالیہ گرفتاری پر معاملہ بھی ڈراپ کردیا۔
چیئرمین محسن عزیز کا کہنا تھاکہ ایف آئی اے نے چیئرمین سینیٹ کوخط میں کہاتمام قواعدپرعمل کیا گیا، اعظم سواتی کا ابھی ریمانڈ ہے، قانون سے ماورا کچھ بھی غیرقانونی ہے لہٰذا ابھی ایف آئی اے نے قانون پرعمل کیا ہے اس لیے ایجنڈا ڈراپ کردیا۔