ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 65 رنز سے شکست دیدی

آسڑیلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سری لنکا کو 65 رنز سے شکست دیدی،تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ان کا یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہونا شروع ہو گیا جب صرف پندرہ رنز پر تین وکٹیں پویلین لوٹ گئیں، ابتدائی تین وکٹیں جلد گرنے کے باوجود نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بالخصوص گیلن فلپس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی سکور کو 167 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، گیلن فلپس نے 64 گیندوں پر دس چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ڈیرل مچل بائیس رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، سری لنکا کی جانب سے کوسن راجیتھا نے دو جبکہ مہیش تھیکاشانکا، دھننجیا ڈی سلوا، ہاسارنگا اور لاہیرو کمارا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں سری لنکن بیٹنگ کا بھی آغاز مایوس کن رہا اور اس کی پہلی چار وکٹیں صرف آٹھ کے مجموعی سکور پر گر گئیں، سری لنکا کی ٹیم 19.2 اوورز میں 102 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی اور میچ 65 رنز کے فرق سے ہار گئی، سری لنکا کی جانب سے بھانوکا راجا پاکسے 34 جبکہ کپتان دوسن شاناکا 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ان دو کے علاوہ سری لنکا کا کوئی بھی بیٹر اپنا سکور ڈبل فیگرز میں نہ لے جاسکا، نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں تیرہ رنز دیکر چار شکار کئے، مچل سانٹر اور سودھی نے دو دو جبکہ ٹم سائوتھی اور لوکی فیرگوسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ گیلن فلپس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Exit mobile version