ای چالاننگ میں سنچری کرنے والی گاڑی پکڑی گئی، ڈرائیور نے 75 بار ٹریفک سگنل اور 28 مرتبہ حد رفتار کی خلاف ورزی کی۔ تفصیلات کے مطابق ای چالاننگ میں سنچری کرنے والا ڈرائیور بالآخر گرفت میں آگیا، اکبر چوک پر گاڑی کے کاغذات قبضہ میں لے لیے گئے اور ڈرائیور کے لائسنس کو معطلی کے لیے بھجوا دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرائیور کو 51 ہزار 5 سو روپے جرمانہ عائد، ڈرائیور نے 75 مرتبہ ٹریفک سگنل توڑا، 28 مرتبہ حد رفتار کی خلاف ورزی کی اور ایک بار ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رانگ سائیڈ گاڑی چلائی۔
سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کے مطابق ای چالان نادہندہ گاڑیوں کیخلاف ٹریفک پولیس اور سیف سٹی کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، سٹی ٹریفک پولیس کی 17 ٹیمیں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کررہی ہیں، ٹریفک وارڈنز کو ڈیوائسز اور پرنٹر بھی فراہم کیے گئے ہیں، ڈیوائسز کی مدد سے بآسانی ای چالان کی نادہندہ گاڑیوں کا پتا کیا جاسکتا ہے۔