بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو ایک بار پھر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
گوادر اور مکران کا بھی کراچی سے رابطہ منقطع ہوگیا، دونوں شہروں کے درمیان عارضی راستہ بہہ گیا۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ سلطان بگٹی کے مطابق لسبیلہ ڈسٹرکٹ میں پھر شدید بارشوں سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر نے کی وجہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک بند کردی گئی ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے کراچی کے لئے سفر کرنے والے مسافر، کوچز، مال بردار ہیوی گاڑیاں اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کو تنبیہ کرتے ہیں کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے مکمل گریز کریں تاکہ انہیں سفر کے دوران کوئی مشکلات پیش نہ آسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل بارشوں سے قومی شاہراہ سفر کرنے کے قابل نہیں لہذا ٹرانسپورٹرز اور عوم الناس کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
اس کے علاوہ گوادر اور مکران کا بھی کراچی سے رابطہ منقطع ہوگیا، دونوں شہروں کے درمیان عارضی راستہ بہہ گیا۔
ضلع لسبیلہ کے دو مقامات پر نئے سیلابی ریلے پہنچ گئے، فورٹ منرو اور رکھنی میں بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔
دوسری جانب آٹھویں روز بھی بلوچستان اورپنجاب کے درمیان ٹریفک معطل رہی، دھاناسر کے مقام پر بلوچستان خیبرپختونخوا شاہراہ بھی 8 روز سے بند ہے جہاں 2ہزار سے زائد مال بردار اور چھوٹی گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔