انگلش پریمیئر لیگ میں اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈ نے ناروچ سٹی کے خلاف میچ میں کیریئر کی 60 ویں ہیٹ ٹرک کرلی۔مانچسٹر یونائیٹڈ 2-3 سے کامیابی کے بعد پوائٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور ناروچ سٹی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا، سپر سٹار کرسٹیانو رونالڈو بھرپور ایکشن میں نظر آئے، انہوں نے ساتویں ہی منٹ میں ایلانگا کے پاس پر پہلا گول بنایا جبکہ 32ویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے دوسری بار گیند کو جال میں پہنچایا۔پہلے ہاف کے آخر میں ناروچ سٹی کے کیرن ڈوول نے گول کر کے خسارہ کم کیا، ناروچ کے ٹیمو پکی نے 52ویں میں منٹ میں ایک اور گول کر کے مقابلہ دو دو سے برابر کردیا جبکہ 76 ویں منٹ میں کرسٹیانو رونالڈو نے فری کک پر شاندار گول کر کے کیریئر کی 60ویں ہیٹ ٹرک بنائی اور ٹیم کو تین دو سے فتح دلائی۔دوسری جانب لیور پول ایف اے کپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے، سیمی فائنل میں لیورپول نے مانچسٹرسٹی کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، فاتح ٹیم کی جانب سے سادیو مانے نے دو گول اسکور کیے۔