الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے آئندہ عام انتخابات کے لیے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
ای سی پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج سے ملک بھر میں کہیں بھی کوئی نیا انتظامی یونٹ نہیں بنایا جائے گا اور تمام صوبوں کے لیے حلقہ بندی کمیٹیوں کی تشکیل 16 اپریل 2022 تک کردی جائے گی۔
بیان کے مطابق تمام چیف سیکریٹری اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو حلقہ بندی کے کام کے لیے مطلوبہ نقشہ جات و دیگر دستاویزات کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔ای سی پی نے کہا کہ 11 اپریل سے 26 اپریل 2022 تک مطلوبہ نقشہ جات و دیگر دستاویزات کی فراہمی کی جائے گی۔
حلقہ بندیوں کے حوالے سے کہا گیا کہ 20 اپریل سے 24 اپریل 2022 تک حلقہ بندی کمیٹوں کی ٹریننگ کی جائے گی اور 28 مئی 2022 کو ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 29 مئی سے 28 جون 2022 تک ابتدائی حلقہ بندیوں پر عوام اپنے اعتراضات اور سفارشات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کریں گے۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن تمام اعتراضات کی سماعت اور فیصلے یکم جولائی 2022 سے 30 جولائی 2022 تک انجام دے گا اور حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 3 اگست 2022کو شائع ہوگی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈیجیٹل مردم شماری کا انتظار کیے بغیر قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی جنگی بنیادوں پر حد بندی کا حکم دے دیا تھا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے حکومت پر الزام لگایا تھا کہ وہ تعاون نہیں کر رہی اور ڈیجیٹل مردم شماری کے تازہ نتائج کو حتمی شکل دینے اور اشاعت میں تاخیر کر رہی ہے جس کی وجہ سے حلقہ بندیوں میں تاخیر ہوئی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں 2017 کی مردم شماری اور آبادی کے اعدادوشمار کی بنیاد پر مشق کی تکمیل کے لیے 4 ماہ کا ٹائم فریم مقرر کیا تھا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو ارکان کے علاوہ سیکریٹری اوراسپیشل سیکریٹری سمیت سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان صوبائی حکومتوں کو خط لکھ کر فوری طور پر نقشے اور متعلقہ ڈیٹا طلب کرے گا تاکہ حد بندی کا عمل وقت پر مکمل ہو سکے، اور اس حوالے سے سیکریٹری اور اسپیشل سیکریٹری کو 13 اپریل کو ہونے والے عام انتخابات کا مکمل لائحہ عمل پیش کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔