بین الاقوامی کرکٹ میں نیوٹرل امپائرز کی واپسی

انٹرنیشنل کرکٹ میں نیوٹرل امپائرز کی واپسی کا فیصلہ ہوگیا جب کہ پہلے مرحلے میں ٹیسٹ میچز میں غیرجانبدار آفیشلز ذمہ داری نبھائیں گے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد آئی سی سی نے غیرجانبدار امپائرز کا قانون ختم کرتے ہوئے میزبان ممالک کو اپنے آفیشلزتعینات کرنے کی اجازت دی تھی، اس حوالے سے گذشتہ کچھ عرصے میں تنازعات بھی دیکھنے کو آئے۔جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے مقابلے میں بنگلادیش کی جانب سے بھی مقامی آفیشلز کی امپائرنگ پر سوال اٹھایا گیا تاہم آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ جولائی 2020 سے فروری 2022 تک کوویڈ کی وجہ سے مقامی آفیشلز نے ذمہ داری انجام دی، اس دوران ان کی امپائرنگ کافی زبردست اور کھیل پر اس سے کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔انٹرنیشنل پینل کے 12 ممبرز نے ٹیسٹ میچز میں بطور امپائر ڈیبیو کیا تاہم سفری پابندیاں نرم پڑنے کی وجہ سے اب نیوٹرل امپائرز کی بتدریج واپسی ہورہی ہے، اس کیلیے آئی سی سی نے میچ آفیشلز کی تقرری کیلیے ایک اسٹریکچر تیار کیا ہے، جس کے تحت ٹیسٹ سیریز کے دوران میچ ریفری اور پہلے سے تھرڈ امپائر تک تمام آئی سی سی کی جانب سے نیوٹرل آفیشلز تعینات کے جائیں گے، حسب معمول فورتھ امپائر لوکل ہوگا۔ دوسری جانب ون ڈے اور ٹی 20 میں بدستور مقامی امپائرز پر ہی انحصار کیا جائے گا۔

Exit mobile version