پارلیمنٹ لاجز میں پولیس آپریشن،مولانا فضل الرحمان حکومت کیخلاف اعلان جنگ، کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ لاجز میں پولیس آپریشن اور اس کے نتیجے میں جے یو آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی گرفتاری پر حکومت کیخلاف اعلان جنگ کردیا۔

مولانا فضل الرحمان نے اس واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپنے کارکنوں کو ملک بھر سے اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جو کارکن اسلام آباد نہ پہنچ سکے وہ اپنے اپنے علاقوں میں سڑکوں کو جام کردیں۔

خیال رہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس نے آپریشن کرکے متعدد گرفتاریاں کی ہیں۔

پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن ڈی آئی جی آپریشن کی کمانڈ میں کیا گیا۔ میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز سے نکال دیا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری نے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر گرفتاریاں شروع کیں۔

اطلاعات کے مطابق پولیس جے یو آئی کے ایم این اے صلاح الدین ایوبی کو بھی گرفتار کر کے لے گئی جبکہ 10 سے 12 رضا کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان تمام افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔

Exit mobile version