روس نے ماسکو میں تعینات نائب امریکی سفیر کو ملک بدر کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ روس نے ماسکو کے امریکی سفارت خانے میں تعینات نائب امریکی سفیر بارٹ گورمین کو ملک بدر کردیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے روس کے اقدام کو بلا اشتعال قرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ امریکا اس حوالے سے جوابی اقدام پر غور کررہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم روس سے کہتے ہیں کہ وہ ایسے بلااشتعال اقدامات سے گریز کرے اور بے بنیاد الزامات پر ہمارے سفارتکاروں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے نہ روکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نائب امریکی سفیر بارٹ گورمین کے پاس روس کا قانونی ویزا تھا اور وہ ماسکو میں 3 سال سے تعینات تھے۔
روس کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور نیٹو کی جانب سے خبردار کیا گیا ہےکہ روس یوکرین پر حملے کی تیاری کررہا ہے اور یوکرین پر کسی بھی وقت حملہ آور ہوسکتا ہے ۔