قومی ایئرلائن پی آئی اے نے پاکستان کا پہلا ائیربس 320 کا سیمولیٹر حاصل کرلیا۔ سیمولیٹر پائلٹس کی تربیت، ریفریشر کورسس اور ائیر سیفٹی کیلئے لازم ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)نے ہوا بازی کی صنعت میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان کا پہلا ائیربس 320 کا سیمولیٹر حاصل کرلیا ہے۔جدید ترین خصوصیات کا حامل سیمولیٹر اس خطے میں سب سے پہلے پاکستان میں لگے گا۔
سیمولیٹر پائلٹس کی تربیت، ریفریشر کورسس اور ائیر سیفٹی کیلئے لازم ہوتا ہے۔پاکستان میں 670 ائیربس 320 پائلٹس ہونے کے باوجود سیمولیٹر دستیاب نہیں تھا، جس کے باعث تمام پائلٹس A320 پر تربیت اور ریفریشر کیلئے بیرون ملک جاتے تھے جبکہ تربیت کو جانچنے کیلئے سول ایوایشن کا انسپکٹر بھی طالب علم پائلٹس کے چیک کیلئے ہمراہ جاتے تھے۔ پائلٹس کی تربیت کا نرخ تقریبا 300 ڈالر فی گھنٹا فی پائلٹ بیرون ممالک میں حاصل کیا جاتا تھا جبکہ ٹکٹوں، رہائش اور یومیہ الاونس کی مد میں کثیر زرمبادلہ مقامی ائیرلائن صرف کرتی تھیں۔
پی آئی اے کراچی میں سیمولیٹر کمپلکس بنا رہا ہے جس میں بوئنگ 747، بوئنگ 777 اور ائیربس 320 کے سیمولیٹر ایک جگہ نصب کئے جائیں گے اور تربیت کی جگہ کو ائیرپورٹ ہوٹل سے منسلک کردیا جائے گا تاکہ طالب علم پائلٹس یکسوئی سے تربیت پر توجہ دے سکیں۔
پی آئی اے کا سیمولیٹر موو بائی وائر آل الیکٹرک ریئل وژن نوعیت کا ہے ، سیمولیٹر حقیقی کاک پٹ کے اندر اور باہر کے ماحول کو پیدا کرتا ہے جس پر حقیقی صورت حال پر تربیت کرائی جاتی ہے۔
پی آئی اے نے یہ سیمولیٹر برطانوی کمپنی L3 ہیرس سے حاصل کیا ہے ، معاہدے پر سی ای او پی آئی اے اور L3 ہیرس کمپنی کے صدر رابن گلوور نے دستخط کئے۔ معاہدے کی سادہ تقریب میں برطانوی سفیر کرسچن ٹرنر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر رابن گلوور نے کہا کہ پاکستان میں نئی ٹیکنولوجی کے حامل سیمولیٹر کے آنے سے پاکستان میں تربیت کا معیار بہت بہتر ہوگا۔ برطانوی سفیر کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ گہری دوستی کے رشتے میں منسلک ہیں، اس جدید ایکوپمنٹ سے پاکستان ایوایشن بہت آگے بڑھے گی اور پاکستان میں مقامی سطح پر تربیت سے غیر منسلک پر پاکستان اور پی آئی اے کا انحصار کم ہوگا۔
پی آئی اے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ آج پی آئی اے کیلیے ایک بہت خوش آئند دن ہے اور ہمارا ایک اہم منصوبہ مکمل ہورہا ہے، پی آئی اے اپنے پائلٹس کو بیرون ممالک سے تربیت پر بہت زیادہ وسائل خرچ کیا کرتا تھا، اس سیمولیٹر کے ملک میں لگنے سے ناصرف پی آئی اے بلکہ دیگر ملکی ائیرلائنز کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔ ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سیمولیٹر کمپلکس کراچی ائیرپورٹ پر قائم کیا جارہا ہے، جہاں تمام ائیرلائنز اور سی اے اے کا دفاتر اور تربیتی مراکز قائم ہیں، اس سیمولیٹر کے آنے سے پاکستان میں تربیت اور فضائی حفاظت کا معیار کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے مساوی ہوجائے گا۔