سابق چیف جج رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست مسترد

اسلام آبادہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست مسترد کردی۔

اسلام آ باد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کے آغاز میں وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ توہین عدالت کیس میں کیسےفریق بن سکتےہیں؟ اس پر وکیل نے کہا کہ سابق چیف جسسٹس ثاقب نثار سے متعلق سب معلومات رکھتا ہوں۔

اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اسےچھوڑیں، توہین عدالت کیس تو عدالت کا اپنا معاملہ ہوتا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل رائے نواز کھرل نے استدعا کی کہ رانا شمیم کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے یا انہیں پاسپورٹ سرینڈرکرنےکا کہاجائے۔

اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ یہ حکومت کا کام ہے اس عدالت کا کام تو نہیں ہے۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل پر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کچھ دیر بعد سنایا۔

عدالت نے سابق چیف جج رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کو مسترد کردیا۔

اس کے علاوہ عدالت نے رانا شمیم توہین عدالت کیس میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی فریق بننےکی درخواست بھی مسترد کردی۔

Exit mobile version