پاکستان سپر لیگ 2022 کا شیڈول جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2022 کا شیڈول جاری کردیا اور پہلا میچ دفاعی چمپیئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پی سی بی نے اعلامیے میں کہا کہ پی ایس ایل 2022 کا آغاز 27 جنوری کو ہوگا، ٹورنامنٹ کے 15 میچ کراچی اور 19 میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

افتتاحی تقریب کے بعد پہلا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 27 جنوری کو دفاعی چمپیئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا، 28 جنوری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی مدمقابل ہوں گی۔

6 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں 34 میچ کھیلے جائیں اور 32 دنوں میں ٹورنامنٹ مکمل ہوجائے گا۔

کراچی میں 27 جنوری سے 7 فروری تک پی ایس ایل کے میچز ہوں گے جس کے بعد دیگر 15 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں۔

پی سی بی کے مطابق شیڈول اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ تمام ٹیمیں کراچی اور لاہور میں یکساں میچز کھیلیں گی۔

ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا، کوالیفائر 23 فروری پہلا اور دوسرا ایلیمنیٹر بالترتیب 24 اور 25 فروری کو کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو لاہور میںکھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے اعلامیے مطابق پی ایس ایل 2022 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 12 دسمبر کو سہ پہر 3 بجے لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہوگی۔

تمام ٹیمیں گزشتہ ایونٹ میں کھیلنے والے اپنے 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گی اور اس حوالے سے کھلاڑیوں کی تبدیلی اور برقرار رکھنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جو 10 دسمبر تک جاری رہے گا۔

پلاٹینم کیٹگری میں پہلا انتخاب لاہور قلندرز کا ہوگا، جس کے بعد بالترتیب دفاعی چمپئن ملتان سلطانز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاورزلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو موقع ملے گا۔

لاہور قلندرز کو گولڈ کیٹگری میں بھی پہلا انتخاب کا موقع ملے گا، جس کے بعد پشاور زلمی سلور کیٹگری میں پہلے نمبر پر کھلاڑی کا چناؤ کرے گی اور ایمرجنگ کیٹگری میں بھی لاہور قلندرز کا پہلا نمبر ہوگا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سپلیمنٹری کیٹگری میں کھلاڑی کے انتخاب میں پہلے نمبر پر ہوگی۔

پی سی بی نے لیگ کے لیے مقامی کھلاڑیوں کی کیٹگری میں تبدیلی کی ہے، جس میں دفاعی چمپیئن ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان، اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی، لاہور قلندرز کے حارث رؤف کو پلاٹینم کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

ملتان سلطانز کے تجربہ کار بلے باز صہیب مقصود اور پشاور زلمی کے نوجوان بلے باز حیدر علی کو ڈائمنڈ کٹیگری کا حصہ بنا گیا ہے جو اس سے قبل بالترتیب سلور اور گولڈ کیٹگریز میں شامل کیے گئے ہیں۔

Exit mobile version