پولیس اور کالعدم تنظیم کی جھڑپیں، 3پولیس اہلکار شہید

کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکنوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کردیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق سادھوکی میں پولیس نے کالعدم تنظیم کے کارکنوں کومنتشر ہونے کی ہدایت کی۔

بعدازاں پولیس نے کالعدم تنظیم کےکارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور شلینگ کی جس کے جواب میں مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔

سادھوکی میں جھڑپ کے دوران متعدد مظاہرین اورپولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ احتجاج کی وجہ سے مقامی آبادی متاثر ہورہی ہے اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک معطل ہے۔

6 روز سے جاری احتجاج کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور پولیس نے مارچ کے شرکا کو روکنے کیلئے راستے بلاک کررکھے ہیں۔

کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج میں مزید تین پولیس اہلکارشہید ہوگئے جبکہ احتجاج کے دوران تشدد سے بہت سے پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

احتجاج کے آغاز سے اب تک 5 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں اور مظاہرین کی طرف سے پولیس کی گاڑیاں بھی جلائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں 2 اہلکار شہید ہوئے تھے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے  اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی مرکزی شاہراہیں سیل کردی ہیں جس کے باعث متبادل راستوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا

ٹریف جام کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا اور مریضوں کا اسپتال جانا بھی مشکل ہوگیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تنظیم کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا ہے اور راستے بند کرنیوالوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔

Exit mobile version