صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے عمر شریف کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف منفرد حس مزاح کے مالک تھے، انہوں نے کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام بنایا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ عمرشریف بے شمارصلاحیتوں کے مالک اور فنون لطیفہ میں منفرد مقام رکھتے تھے، فن کے شعبے میں ان کی خدمات کویاد رکھاجائےگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ عمرشریف کی فن کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ رونے والوں کو ہنسنے پر مجبور کرنے والا طنز و مزاح کا آفتاب غروب ہوگیا، عمرشریف نے پاکستان میں فنِ مزاح کو نئی جہت بخشی، ان کی دنیا ئے فن کے لیے خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔